ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کشمیر: پلوامہ میں تصادم، ایک جنگجو اور ایک عام شہری ہلاک

کشمیر: پلوامہ میں تصادم، ایک جنگجو اور ایک عام شہری ہلاک

Fri, 06 Nov 2020 20:54:26    S.O. News Service

سری نگر،6؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے میج پانپور میں جمعرات کی شام شروع ہونے والے مسلح تصادم میں اب تک ایک عدم شناخت جنگجو اور ایک عام شہری مارا گیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پانپور میں جاری تصادم میں ایک عدم شناخت جنگجو مارا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تصادم کی جگہ پر جمعرات کی شام زخمی ہونے والے دو عام شہریوں میں سے ایک سری نگر کے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔ انہوں نے مہلوک شہری کی شناخت عابد نبی کے طور پر ظاہر کی ہے۔

ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس، فوج کی 50 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے جب جمعرات کی شام میج پانپور میں ایک مشتبہ جگہ کو محاصرے میں لیا تو وہاں موجود جنگجووں نے ان کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی اور گرینیڈ داغے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں دو عام شہری زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ان میں سے جہاں عابد نبی نامی شہری کی جمعے کی صبح ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں موت واقع ہوئی وہیں کفایت احمد سری نگر کے برزلہ علاقے میں قائم ہڈیوں و جوڑوں کے ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جنگجووں کی ابتدائی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں اب تک ایک عدم شناخت جنگجو مارا گیا ہے۔


Share: